ایرانی حملے کے بعد مصر کی قومی ایئر لائن نے کویت جانے والی تمام پروازیں معطل کر دیں
ایرانی حملے کے نتیجے میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان مصر کی قومی ایئرلائن نے ایران کے حملے کے بعد کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے بدھ اور جمعرات کی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کویت کے لیے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ اداروں سمیت مصر کے سول ایوی ایشن حکام سے رابطہ برقرار ہے۔
مصر کی قومی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ خطے میں حالات معمول پر آنے تک کویت جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں معطل رہیں گی۔ ایئرلائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنے ٹکٹ اور پروازوں کی صورتحال کال سینٹر کے ذریعے ضرور چیک کریں۔
دوسری جانب کویتی حکام کے مطابق ایرانی حملے کے نتیجے میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے بعد خطے میں فضائی سفر اور سکیورٹی صورتحال پر تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔
