امریکا کے ایرانی جزیرہ قشم پر فوجی تنصیات پر حملے، متعدد ایرانی میزائل اورڈرون مارگرائے
بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈ کوارٹراورایئربیس کوپاسداران انقلاب کانشانہ بنانےکادعویٰ غلط ہے، سینٹ کام
امریکی فورسز نے ایرانی جزیرہ قشم پر فوجی تنصیات پر حملے کیے جس میں متعدد ایرانی میزائل اورڈرون مارگرائے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے ایران کی جانب سے میزائل وڈرون حملوں کے جواب میں کیےگئے جس میں امریکی افواج نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو کامیابی سے ناکام بنایا۔
سینٹ کام کے مطابق یہ کارروائیاں اُس وقت کی گئیں جب ایران نے خطے کے کئی ہمسایہ ممالک کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل داغے، تاہم ان میں سے کوئی بھی اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔
جاری بیان کے مطابق کویت کی جانب داغے گئے دو ایرانی میزائل راستے ہی میں گر گئے یا ٹکڑوں میں بکھر گئے، جبکہ بحرین کی طرف فائر کیے گئے تین میزائلوں کو امریکی اور بحرینی فضائی دفاعی نظام نے فوری طور پر تباہ کر دیا۔
اس سے قبل بحرین اور کویت میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے تھے، جس کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈ کوارٹراورایئربیس کوپاسداران انقلاب کانشانہ بنانےکادعویٰ غلط ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق قشم شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
