3 ماہ قبل شہید ہونے والے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین کی تیاریاں شروع

3 ماہ قبل شہید ہونے والے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین کی تیاریاں شروع

انتظامیہ کے مطابق تدفین کے مقام کے حوالے سے بھی مختلف امکانات زیر غور ہیں

ایران میں شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی مبینہ تدفین اور آخری رسومات کے حوالے سے ریاستی سطح پر بڑے انتظامات کیے جا رہے ہیں جنہیں ایرانی میڈیا نے ایک غیر معمولی عوامی اجتماع قرار دیا ہے۔

ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق تہران کی میونسپل انتظامیہ کے نائب میئر برائے سماجی و ثقافتی امور محمد امین توکلی زادہ نے بتایا ہے کہ تین روزہ عوامی سوگ اور تعزیتی تقریبات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن میں شہریوں کو مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

خلیجی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ان تقریبات کا آغاز تہران میں کیا جائے گا جہاں جنازے اور عوامی اجتماع کی سرگرمیاں کم از کم 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد یہ سلسلہ ایران کے اہم مذہبی مراکز قم اور مشہد تک پھیل سکتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق تدفین کے مقام کے حوالے سے بھی مختلف امکانات زیر غور ہیں جن میں مشہد کے مقدس روضے کے قریب تدفین کا امکان بھی شامل بتایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان تقریبات میں شرکت کے لیے عوام کی بڑی تعداد متوقع ہے اور اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ اجتماع ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماعات میں سے ایک ہو سکتا ہے۔

منتظمین کے مطابق ان تمام تقریبات کی نگرانی مختلف ریاستی ادارے کریں گے جبکہ بلدیاتی اور سیکیورٹی ادارے عوامی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات میں کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای ایران جنگ کے آغاز میں ابتدائی امریکی و اسرائیلی حملوں میں 28 فروری کو شہید ہوگئے تھے جبکہ ان کی شہادت کا باضابطہ اعلان تہران کی جانب سے یکم مارچ کو کیا گیا تھا۔

Related posts

دبئی، ابوظہبی میں کل موسم کی پیشن گوئی، دھول اڑنے والی ریت کے ساتھ

ایران کو اب معاہدے کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہو گا، صدر ٹرمپ

ڈی آئی بی نے مسلسل تیسرے سال ‘دبئی اسکولز’ پروجیکٹ کو سپورٹ کرنے کے لیے ڈی ایچ 11 ملین کا وعدہ کیا۔