فیفا ورلڈ کپ فائنل کے ایک ٹکٹ کی قیمت نے شائقین کے ہوش اُڑا دیے
تاریخ کے سب سے بڑے ورلڈ کپ میں ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت بھی خاصی زیادہ رکھی گئی تھی
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے چند گھنٹے قبل ٹکٹوں کی قیمتوں نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو حیران کر دیا۔ ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان ہونے والے فیصلہ کن مقابلے کے لیے بعض ٹکٹوں کی قیمت 23 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 64 کروڑ پاکستانی روپے) تک پہنچ گئی جس کے بعد یہ بحث شدت اختیار کر گئی کہ کیا ورلڈ کپ اب صرف امیر ترین افراد کی تفریح بنتا جا رہا ہے؟
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فیفا کے سرکاری ری سیل پلیٹ فارم پر دستیاب چند ٹکٹ ریکارڈ قیمتوں پر فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔ دوسری جانب میچ سے ایک روز قبل فیفا کی مرکزی ویب سائٹ پر ایک بھی ٹکٹ دستیاب نہیں تھا، جبکہ ری سیل مارکیٹ میں قیمتیں 10 ہزار ڈالر سے شروع ہو کر لاکھوں ڈالر تک جا پہنچیں۔
رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کے لیونل میسی اور اسپین کے ابھرتے ہوئے اسٹار لامین یامال کے درمیان ممکنہ تاریخی ٹکراؤ نے شائقین کا جوش عروج پر پہنچا دیا، جس کے باعث ٹکٹوں کی طلب غیرمعمولی حد تک بڑھ گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران بیشتر مقابلے مکمل طور پر ہاؤس فل رہے۔ گروپ مرحلے کے 72 میچز میں سے نصف سے زیادہ میں ایک بھی نشست خالی نہیں تھی، جبکہ باقی میچوں میں بھی چند سو نشستوں کے علاوہ تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے۔
48 ٹیموں پر مشتمل تاریخ کے سب سے بڑے ورلڈ کپ میں ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت بھی خاصی زیادہ رکھی گئی تھی۔ گروپ مرحلے کا مہنگا ترین ٹکٹ 575 ڈالر میں فروخت ہوا، جو 2022 ورلڈ کپ کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فائنل سے چند روز پہلے تک ہزاروں ڈالر میں ٹکٹ دستیاب تھے، جس پر قیاس آرائیاں شروع ہوئیں کہ شاید قیمتیں ضرورت سے زیادہ رکھی گئی ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سلو ٹکٹنگ حکمت عملی کا حصہ تھا، جس میں محدود تعداد میں ٹکٹ جاری کر کے طلب بڑھائی جاتی ہے تاکہ خریدار فوری خریداری پر مجبور ہوں۔
ماہرین کے مطابق امریکا میں ٹکٹوں کی دوبارہ فروخت سے متعلق نرم قوانین نے بھی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے میں اہم کردار ادا کیا، کیونکہ ری سیل کرنے والوں کو اپنی مرضی سے قیمت مقرر کرنے کی آزادی حاصل ہے۔ اس کے برعکس میکسیکو میں ٹکٹ اصل قیمت سے زیادہ پر فروخت کرنے کی اجازت نہیں۔
امریکی جریدے فوربس کے مطابق ورلڈ کپ 2026 امریکا کی تاریخ کا سب سے مہنگا کھیلوں کا ایونٹ بن چکا ہے۔ حیران کن طور پر فائنل کے میدان کی گھاس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے بھی یادگاری اشیا کے طور پر 450 ڈالر یا اس سے زائد میں فروخت کیے جا رہے ہیں، جس پر بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید دیکھنے میں آ رہی ہے۔