مومنہ اقبال کی مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر چھا گئیں
اداکارہ نے مہندی کی حسین جھلکیاں شیئر کر دیں
پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کر رہی ہیں جہاں ان کی مہندی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
حال ہی میں مومنہ اقبال نے اپنی مہندی کی تقریب کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
تقریب کے لیے اداکارہ نے سنہری کتان سلک لہنگے کا انتخاب کیا جس پر نفیس ٹون آن ٹون کڑھائی کی گئی تھی۔
دوسری جانب ان کے دولہا حمزہ حبیب سیاہ رنگ کی شیروانی میں ملبوس نظر آئے جس پر سنہری کام کیا گیا تھا۔ دونوں نے رنگا رنگ کشیدہ کاری والی روایتی شال کے ساتھ تصاویر بنوائیں جنہوں نے ان کی جوڑی کی خوبصورتی کو مزید نمایاں کیا۔
اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے شریکِ حیات کے نام محبت بھرا پیغام بھی تحریر کیا جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا اور اس پر محبت بھرے تبصرے کیے۔
مہندی کی تقریب میں مومنہ اقبال نے رسٹ رنگ کا خوبصورت لہنگا چولی زیب تن کیا جس پر سنہری زردوزی اور ٹلہ ورک کیا گیا تھا، جبکہ جامنی رنگ کے دیدہ زیب دوپٹے نے ان کے برائیڈل انداز کو مزید نکھار دیا۔ روایتی زیورات، ہاتھوں پر سجی مہندی اور سونے کی چوڑیوں نے ان کے دلکش لک کو چار چاند لگا دیے۔
یاد رہے کہ مومنہ اقبال گزشتہ دنوں ایک تنازع کے باعث خبروں میں رہی تھیں تاہم اب ان کی شادی کی تقریبات بھرپور انداز میں جاری ہیں اور مداح اس خوشی کے موقع پر انہیں مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین نہ صرف اس جوڑی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ مومنہ اقبال کے روایتی اور خوبصورت برائیڈل انداز کی بھی خوب تعریف کر رہے ہیں۔
