ویمنز ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز، پاکستان ٹیم ڈبلن میں ایکشن کے لیے تیار
ٹیم کا مورال بلند ہے اور تمام کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں، کپتان فاطمہ ثناء
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئرلینڈ میں ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے جس کا آغاز 28 مئی سے ڈبلن میں ہوگا۔
سیریز میں میزبان آئرلینڈ کے علاوہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تمام میچز کاسل ایونیو کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے جبکہ میچز کا آغاز شام 4 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے) ہوگا۔ مقابلے ICC TV پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے حالیہ لاہور کیمپ اور زمبابوے کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور اب یہ سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا اہم حصہ قرار دی جا رہی ہے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 29 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے بعد پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں 31 مئی اور 4 جون کو آمنے سامنے ہوں گی جبکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا میچ 3 جون کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کر رہی ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور تمام کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں۔ ان کے مطابق آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف یہ سیریز ایک بڑا چیلنج اور اہم تیاری کا موقع ہے۔
فاطمہ ثناء نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہر میچ انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور ٹیم بہترین کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے پرعزم ہے۔