"باز بال” کے خالق کی ٹیسٹ کرکٹ سے چھٹی، انگلینڈ نے میک کولم کا باب بند کردیا

“باز بال” کے خالق کی ٹیسٹ کرکٹ سے چھٹی، انگلینڈ نے میک کولم کا باب بند کردیا

میک کولم نے 2022 میں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی

انگلش کرکٹ میں جارحانہ طرزِ کھیل کی نئی پہچان بنانے والے برینڈن میک کولم اب ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نہیں رہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے انہیں ٹیسٹ فارمیٹ کی ذمہ داریوں سے الگ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ای سی بی کے مطابق میک کولم کی چار سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے لیے نئی قیادت لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم وہ انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیموں کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کام جاری رکھیں گے۔

ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے کہا کہ برینڈن میک کولم نے انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کو نئی سمت دی ٹیم میں اعتماد پیدا کیا اور کئی یادگار کامیابیاں حاصل کیں، تاہم ایشز سیریز کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔

میک کولم نے اپنے ردعمل میں کہا کہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا ان کے لیے باعثِ فخر رہا۔ انہوں نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور اب ان کی توجہ وائٹ بال کرکٹ میں کامیابیوں پر ہوگی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد انگلش بورڈ نے یہ فیصلہ کیا جبکہ پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے قبل نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ میک کولم نے 2022 میں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی اور کپتان بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر جارحانہ کرکٹ کا انداز متعارف کرایا، جسے دنیا بھر میں “باز بال” کے نام سے شہرت ملی۔ ان کے دور میں انگلینڈ نے کئی دلچسپ اور جارحانہ فتوحات حاصل کیں۔

Related posts

ایران سے ڈیل طے ہوئی تھی پھر ایک گھنٹے بعد ڈرون حملہ ہوگیا، صدر ٹرمپ

تیل و گیس ادارے کا ڈیٹا خطرے میں، آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

کیا سارہ خان دوسرے حمل میں بیٹا چاہتی تھیں؟ اداکارہ نے خود بتادیا