پنکی کے اکاؤنٹس میں کون کون رقم منتقل کرتا رہا، اہم نام سامنے آگئے
دستاویزات میں اداکار منیب بٹ، اداکارہ میرا اور ماڈل سارہ کے نام بھی رقم منتقل کرنے والوں میں شامل ہیں۔
کراچی: انمول عرف پنکی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں اہم مالیاتی دستاویزات پیش کردی گئیں۔
دستاویزات کے مطابق انمول پنکی کے مختلف اکاؤنٹس میں رقم منتقل کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی صادق افتخار اور ان کی اہلیہ کے نام بھی شامل ہیں۔
دستاویزات میں اداکار منیب بٹ، اداکارہ میرا اور ماڈل سارہ کے نام بھی رقم منتقل کرنے والوں میں شامل ہیں۔
تحقیقاتی دستاویزات کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران 6 مختلف اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 94 لاکھ 67 ہزار روپے منتقل کیے گئے۔
دستاویزات میں بتایا گیا کہ اکاؤنٹس صداقت اللہ، ہانی فرقان، محمد سمیر اور اسکائے اوورسیز کے نام پر رجسٹرڈ تھے۔
تحقیقاتی ریکارڈ کے مطابق بیسل ایمے نامی اکاؤنٹ میں 85 لاکھ 62 ہزار روپے جب کہ صداقت اللہ کے اکاؤنٹ میں 16 لاکھ 50 ہزار روپے منتقل ہوئے۔
اسی طرح ہانی فرقان کے اکاؤنٹ میں 77 لاکھ 50 ہزار، محمد سمیر کے اکاؤنٹ میں 63 لاکھ 75 ہزار، ظفر علی کے اکاؤنٹ میں 27 لاکھ 80 ہزار جب کہ اسکائے اوورسیز اکاؤنٹ میں 10 لاکھ روپے منتقل کیے گئے۔
رقم منتقلی کا کام ذیشان الرحمان نامی سہولت کار کے ذریعے کیا جاتا تھا جس کے خلاف 15 مئی 2026 کو تھانہ گارڈن میں مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
رقم 21 خواتین اور 117 مردوں کی جانب سے انمول پنکی کے اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی جب کہ تحقیقاتی ٹیم نے مجموعی طور پر 16 مختلف اکاؤنٹس کا بھی سراغ لگایا۔