امریکا۔ایران کشیدگی، وزیر داخلہ محسن نقوی پھر تہران پہنچ گئے

امریکا۔ایران کشیدگی، وزیر داخلہ محسن نقوی پھر تہران پہنچ گئے

محسن نقوی اپنے گزشتہ ایرانی دورے کے بعد براہِ راست بلوچستان پہنچے تھے

خطے میں بڑھتی سفارتی سرگرمیوں اور امریکا۔ایران مذاکرات کی خبروں کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک بار پھر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق وہ 24 گھنٹوں کے اندر دوسری مرتبہ تہران گئے ہیں جسے موجودہ علاقائی صورتحال میں غیر معمولی سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی جبکہ انہوں نے پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر اِن چیف جنرل احمد وحیدی سے بھی اہم بات چیت کی۔

ملاقاتیں ایرانی وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر میں ہوئیں جہاں دو طرفہ تعاون اور خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی محسن نقوی نے ایران کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، سرحدی تعاون اور مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی نئی صورتحال خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے گزشتہ ایرانی دورے کے بعد براہِ راست بلوچستان پہنچے تھے جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

Related posts

حکومت نے آج پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی میں کم ہوکر 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گیا

پی ایس ایل 12 کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا