پاکستان پر شکست سے سائے مزید گہرے، جیت کیلیے 121 رن جبکہ بنگلا دیش کو 3 وکٹوں کی ضرورت
بنگلادیشی بولرز میں تیج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
پاکستان اور بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ دلچسپ موڑ پر پہنچ گیا ہے جہاں میزبان ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تاہم پاکستان کی امیدیں بھی ابھی برقرار ہیں۔
سلہٹ میں جاری مقابلے کے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے۔
قومی ٹیم کو فتح کے لیے اب مزید 121 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی صرف 3 وکٹیں باقی ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ ساجد خان 8 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں جس کے باعث آخری روز ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن میں کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 71، 71 رنز اسکور کیے جبکہ بابر اعظم 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔
نوجوان بیٹر اذان اویس 21 رنز بناسکے جبکہ سعود شکیل اور عبداللہ فضل صرف 6، 6 رنز تک محدود رہے۔ حسن علی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیشی بولرز میں تیج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ناہید رانا نے 2 اور مہدی حسن مرزا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز اسکور کرکے پاکستان کو 437 رنز کا ہدف دیا تھا۔ میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 278 رنز بناسکی تھی جبکہ پاکستان کی پہلی باری 232 رنز پر اختتام پذیر ہوئی تھی۔