ندا یاسر نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کردیں
شادی کے آغاز میں یاسر نواز سے ڈر لگتا تھا، ندا یاسر
پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے اپنے شوہر اور اداکار یاسر نواز سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں جن میں انہوں نے بتایا کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں وہ یاسر نواز سے قدرے خوف محسوس کرتی تھیں۔
ایک انٹرویو کے دوران ندا یاسر نے کہا کہ جب یاسر نواز نے انہیں شادی کی پیشکش کی تو وہ ابتدا میں زیادہ پرجوش نہیں تھیں کیونکہ یاسر ان سے تقریباً سات سال بڑے تھے اور اس وقت ان کی داڑھی اور شخصیت کی وجہ سے وہ زیادہ سنجیدہ اور عمر رسیدہ محسوس ہوتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ شروع میں یاسر نواز کی شخصیت انہیں کافی سخت لگتی تھی جس کی وجہ سے وہ ان سے ڈرتی بھی تھیں۔
ندا یاسر نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین کے درمیان ایک متوازن اور برابری پر مبنی رشتہ تھا جہاں ان کی والدہ کو زیادہ تر معاملات میں اجازت لینے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی تاہم ان کی اپنی شادی کا تجربہ اس سے مختلف رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر مختلف معاملات میں یاسر نواز سے اجازت لینا پڑتی تھی اور ممکنہ طور پر یہ رویہ یاسر نواز نے اپنے گھریلو ماحول سے سیکھا تھا۔
