امارات اسرائیلی سازشوں کا حصہ نہ بنے، ہمارے صبر کی ایک حد ہے، ایران کا سخت تنبیہ
متحدہ عرب امارات کو اسرائیل کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا حصہ بننے سے اجتناب کرنا چاہیے
ایران نے متحدہ عرب امارات کو اسرائیل کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات پر سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابوظہبی اسرائیلی منصوبوں اور پالیسیوں کا حصہ بننے سے گریز کرے۔
قطری میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے ملٹری سیکرٹری محسن رضائی نے کہا کہ تہران، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے یو اے ای کے ساتھ تعلقات کے دروازے بند نہیں کیے تاہم صبر کی ایک حد ہوتی ہے۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کو اسرائیل کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا حصہ بننے سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ ایسے اقدامات پورے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران متحدہ عرب امارات بھی ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی زد میں آیا تھا تاہم بعض اطلاعات میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ یو اے ای نے ممکنہ ایران مخالف سرگرمیوں میں معاون کردار ادا کیا۔