آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کے لیے آسٹریلیا بھی برطانیہ اور فرانس کے مشن میں شامل

آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کے لیے آسٹریلیا بھی برطانیہ اور فرانس کے مشن میں شامل

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق اس منصوبے کے لیے کروڑوں پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ بھی مختص کی گئی ہے

آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری جہاز رانی کے تحفظ کے لیے قائم کیے جانے والے کثیرالملکی دفاعی مشن میں آسٹریلیا نے بھی شمولیت اختیار کر لی ہے جس کے بعد اس اتحاد کو مزید تقویت حاصل ہو گئی ہے۔

آسٹریلوی حکام کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ دفاعی مشاورتی اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں درجنوں ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ آسٹریلیا اس مشن کے لیے جدید نگرانی طیارہ “ای۔7 اے ویجٹیل” فراہم کرے گا جو پہلے ہی خطے میں مختلف دفاعی سرگرمیوں کے لیے استعمال میں ہے۔

آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلز نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایسے بین الاقوامی اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو عالمی تجارت اور سمندری راستوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ مشن مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد کسی کشیدگی کو بڑھانا نہیں بلکہ بحری سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔

اس سے قبل برطانیہ اور فرانس کی جانب سے بھی اس مشترکہ دفاعی منصوبے میں اہم کردار ادا کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ برطانوی حکومت نے مائن ہنٹنگ ڈرونز، جنگی طیاروں، خصوصی تکنیکی ٹیموں اور ایک جنگی بحری جہاز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سمندری راستوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق اس منصوبے کے لیے کروڑوں پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ بھی مختص کی گئی ہے جو جدید نگرانی اور اینٹی ڈرون نظام پر خرچ کی جائے گی۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی شمولیت سے یہ مشن مزید منظم اور مؤثر ہو جائے گا جبکہ آبنائے ہرمز جیسے اہم سمندری گزرگاہ میں بین الاقوامی بحری تحفظ کے اقدامات کو نئی رفتار ملے گی۔

Related posts

ہاکی کے سُنہرے دن واپس لانے کے لیے پی ایچ ایف نے بڑا فیصلہ کر لیا

پاکستان والی بال ٹیم کاوا چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی

ایک سال میں گردشی قرضہ 779 ارب روپے کم، بجلی کمپنیوں کے نقصانات میں بھی گراوٹ