لبنان میں مسیحی مقدس مجسمے کی بے حرمتی کرنے والے فوجیوں کو سزا
تحقیقات میں ثابت ہوا کہ فوجیوں کا رویہ فوجی اصولوں اور اقدار سے مکمل انحراف ہے، اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان میں مسیحی مقدس مجسمے کی بے حرمتی کرنے والے فوجیوں کو سزا سنادی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ دونوں فوجیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں 30 دن کی فوجی حراست میں رکھا جائے گا جب کہ انہیں جنگی ڈیوٹی سے بھی ہٹادیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ مداخلت نہ کرنے اور اطلاع نہ دینے والے مزید 6 فوجیوں کے خلاف بھی علیحدہ کارروائی کی جائے گی۔
اسرائیلی فوج کا مزید کہنا ہے کہ تحقیقات میں ثابت ہوا کہ فوجیوں کا رویہ فوجی اصولوں اور اقدار سے مکمل انحراف ہے۔ فوج نے مقامی کمیونیٹی کے تعاون سے مجسمے کی جگہ نیا مجسمہ نصب کردیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ جنوبی لبنان کے گاؤں دیبل میں پیش آیا تھا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے کے بعد عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی تھی۔
دوسری جانب مقامی باشندوں نے بتایا کہ مجسمہ ایک گھر کے باہر صلیب پر نصب تھا۔ گاؤں کے راہب فادی فلیفل نے اس عمل کو انسانی حقوق اور مذہبی علامتوں کی بے حرمتی قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکی ثالثی سے جنگ بندی جمعہ کو نافذ ہوئی تھی جس کے بعد بھی ہزاروں اسرائیلی فوجی جنوبی لبنان میں موجود ہیں۔