کیا ایران فیفا ورلڈکپ میں شرکت کرے گا؟

کیا ایران فیفا ورلڈکپ میں شرکت کرے گا؟

فیفا ورلڈکپ میں ایران کا پہلا میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

ایران کے وزیر برائے کھیل اور نوجوانان احمد دنیا مالی نے کہا ہے کہ قومی فٹبال ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت اور قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کرے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر امریکا میں ٹیم کے کھلاڑیوں کی حفاظت یقینی ہوگی تو ہی وہ ورلڈکپ میں کھیلنے جائیں گے۔

ایرانی وزیر نے بتایا کہ ٹیم ورلڈکپ کی تیاری جاری رکھے گی اور 10 مئی سے تربیتی کیمپ شروع ہوگا لیکن حتمی شرکت کا فیصلہ بدستور زیر التوا ہے۔

خیال رہے کہ ایران کو اپنے تمام ورلڈکپ میچز امریکا میں کھیلنے ہیں جو کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ مشترکہ میزبان ہے۔

تاہم 28 فروری سے شروع ہونے والی امریکی اسرائیلی جنگ کے بعد ایران کی شرکت غیر یقینی ہوگئی تھی۔ پاکستان کی ثالثی سے ہونے والی دو ہفتے کی جنگ بندی 22 اپریل کو ختم ہورہی ہے جس سے مزید ابہام پیدا ہوگیا ہے۔

گزشتہ ماہ ایرانی فٹبال فیڈریشن نے فیفا سے درخواست کی تھی کہ ایران کے میچ امریکا سے باہر منتقل کردیے جائیں لیکن فیفا نے لاجسٹک رکاوٹوں کا کہہ کر انکار کردیا ہے۔

فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے کہا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ ایران ورلڈکپ کھیلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ایران کو آنا ہی ہوگا کیونکہ وہ اپنے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں‘‘۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ’’ایرانی قومی ٹیم ورلڈکپ میں خوش آمدید ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ان کی جان اور حفاظت کے لیے وہاں موجود ہونا مناسب ہے‘‘۔

ایرانی وزیر نے کہا ہے کہ فیفا کے صدر نے جنگ بندی کی ڈیڈ لائن کے قریب ہونے کے باوجود اصرار کیا ہے کہ ایران کو شرکت کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری سمجھتے ہوئے تیاری جاری رکھیں گے، چاہے حتمی فیصلہ شرکت کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ میں ایران کا پہلا میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ سے ہوگا جس کے بعد 21 جون کو بیلجیم سے اور پھر 26 جون کو سیئٹل میں مصر سے کھیلا جائے گا۔

Related posts

پی ایس ایل 11؛ راولپنڈیز کو ملتان سلطانز سے شکست

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان مؤخر

حمدان بن محمد: ‘مجھے دبئی ایئرپورٹس، ایمریٹس اور فلائی دبئی کی ٹیموں پر فخر ہے’