میں عظیم نہیں عظیم ترین ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ اپنی تعریفیں کرنے لگے
ایران ہمیں بلیک میل نہیں کرسکتا۔ امریکا نے مذاکرات میں سخت مؤقف اختیار کیا ہے، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ انہیں عظیم کہتے ہیں لیکن وہ عظیم ترین ہیں۔
صدر ٹرمپ نے طبی تحقیق سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ وہ ادویات پر مبنی طبی تحقیق اور علاج تک رسائی کے لیے اصلاحات لارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ادویات کی قیمتوں میں 50 سے 80 فیصد تک کمی آچکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور طبی شعبے میں اصلاحات جاری ہیں۔
ایران کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کردی ہے لیکن ایران ہمیں بلیک میل نہیں کرسکتا۔ امریکا نے مذاکرات میں سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلد اہم معلومات فراہم کروں گا، ایران سے ہماری بات چیت جاری ہے اور بہت اچھے مذاکرات چل رہے ہیں۔
امریکی صدر نے اپنی تقریر کے دوران خود کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں میں عظیم ہوں لیکن میں عظیم نہیں، عظیم ترین ہوں۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز ایک بار پھر بند ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جہاں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اس اہم سمندری گزرگاہ پر دوبارہ کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال دوبارہ سابقہ حالت میں آچکی ہے اور اب یہ مکمل طور پر ایران کی مسلح افواج کے سخت کنٹرول میں ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ امریکی ناکہ بندی کی آڑ میں سمندری قزاقی اور بحری چوری کی کارروائیاں جاری تھیں جس کے باعث یہ اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر امریکا ایرانی جہازوں کے لیے کسی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس صورتحال کو بآسانی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔