بحریہ دشمنوں کو نئی شکست دینے کے لیے تیار ہے، ایرانی سپریم لیڈر
ایرانی نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور پر رضامند نہیں ہوا۔
تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئی اور تلخ شکست دینے کے لیے مکمل تیار ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی منصوبوں کے خلاف ایرانی فورسز ڈٹ کر رہیں گی اور ایران کو توڑنے کی خواہش کو ناکام کردیا گیا ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور پر رضامند نہیں ہوا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ہم نے خبردار کیا تھا لیکن آپ نے توجہ نہیں دی۔ آبنائے ہرمز پہلے والی پوزیشن پر آگیا، اب آپ مزہ چکھیں۔
دریں اثنا برطانوی میری ٹائم اتھارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر پر فائرنگ کی گئی۔ اتھارٹی کے مطابق پاسداران انقلاب کی دو کشتیوں نے اس آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا۔
لبنان میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں بیت لیف، قنطارا اور تولین پر گولہ باری کی اور کئی مکانات تباہ کردیے۔