ہم کسی ملک کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ڈونلڈ ٹرمپ
ایران کے ساتھ بہت سی باتوں پر سمجھوتہ ہوچکا تھا، البتہ یورینیم کے معاملے پر کوئی اتفاق نہیں ہوسکا، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بہت سی باتوں پر سمجھوتہ ہوچکا تھا، البتہ یورینیم کے معاملے پر کوئی اتفاق نہیں ہوسکا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے بہترین مذاکرات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے برے طریقے سے مذاکرات کیے لیکن ان کی طرف سے پیغام آیا تھا کہ وہ بے چینی سے معاہدے کے لیے تیار ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا اور ایران سے جوہری مواد حاصل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کسی ملک کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
امریکی صدر کہتے ہیں کہ دنیا کو آبنائے ہرمز کی ضرورت ہے اور امریکا نے وہاں ناکہ بندی شروع کردی ہے۔ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی میں بہت سے ممالک حصہ لے سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز آبنائے ہرمز سے 34 جہاز گزرے۔ امریکا کے پاس سعودی عرب اور روس سے زیادہ تیل کے ذخائر ہیں اور دنیا کے بہت سے ممالک اس وقت تیل لینے کے لیے امریکا آرہے ہیں۔
