آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ
یہ ایونٹ 24 دنوں پر محیط ہوگا جس میں مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے جائیں گے
خواتین کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے آئی سی سی نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جسے ایونٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم قرار دیا جا رہا ہے۔
اعلان کے مطابق ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم 87 لاکھ 64 ہزار 615 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ اس بار ایونٹ میں پہلی مرتبہ 12 ٹیمیں میدان میں اتریں گی، جس سے مقابلہ مزید سخت اور دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئن ٹیم کو 23 لاکھ 40 ہزار ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم کے حصے میں 11 لاکھ 70 ہزار ڈالر آئیں گے۔
سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کو بھی خاطر خواہ انعام دیا جائے گا، جہاں ہر ٹیم کو 6 لاکھ 75 ہزار ڈالر ملیں گے۔
اس کے علاوہ ہر گروپ میچ میں کامیابی پر بھی ٹیموں کو مالی انعام دیا جائے گا، جبکہ تمام شریک ٹیموں کے لیے کم از کم رقم کی ضمانت بھی رکھی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 12 جون کو انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں میزبان انگلینڈ اور سری لنکا کے افتتاحی میچ سے ہوگا۔
یہ ایونٹ 24 دنوں پر محیط ہوگا جس میں مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ مقابلے سات مختلف وینیوز پر منعقد ہوں گے۔ پاکستان سمیت دنیا کی بڑی ٹیمیں اس عالمی میلے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار ہیں۔
ایونٹ سے قبل ٹرافی ٹور کا بھی آغاز ہو چکا ہے، جو یورپ کے مختلف شہروں کا سفر کرے گا تاکہ شائقین میں جوش اور دلچسپی کو مزید بڑھایا جا سکے۔
