فیک نیوز میڈیا نے اپنی ساکھ مکمل طور پر کھودی، ڈونلڈ ٹرمپ کی میڈیا پر سخت تنقید
فیک نیوز میڈیا کو ’’ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم‘‘ لاحق ہے، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فیک نیوز میڈیا نے اپنی ساکھ مکمل طور پر کھودی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ فیک نیوز میڈیا نے اپنی ساکھ مکمل طور پر کھودی ہے۔ فیک نیوز میڈیا جھوٹ پھیلارہا ہے کہ ایران جنگ جیت رہا ہے جب کہ حقیقت کچھ اور ہے۔
ٹرمپ نے الزام لگایا کہ فیک نیوز میڈیا کو ’’ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم‘‘ لاحق ہے۔ سب جانتے ہیں کہ ایران بڑی شکست سے دوچار ہورہا ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ ایران کے میزائل اور ڈرون صلاحیتیں بڑی حد تک ختم ہوگئی ہیں اور ایران کی قیادت اب ان میں موجود نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب صرف سمندری بارودی سرنگوں کی دھمکی باقی رہ گئی ہے لیکن بارودی سرنگیں بچھانے والی ایران کی تمام 28 کشتیاں سمندر برد ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کو عالمی جہازرانی کے لیے صاف کررہا ہے، خاص طور پر چین، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی کی خاطر۔
ڈوںلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ دیگر ممالک میں یہ کام خود کرنے کی ہمت اور عزم موجود نہیں۔ مختلف ممالک کے تیل بردار جہاز امریکا کا رخ کررہے ہیں اور دنیا بھر سے خالی بحری جہازوں کی بڑی تعداد امریکا پہنچ رہی ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ جہاز بہترین معیار کا تیل اور گیس بھرنے امریکا آرہے ہیں۔ امریکا کے پاس دنیا کے دو بڑے ممالک سے بھی زیادہ تیل موجود ہے۔ ہم آپ کے منتظر ہیں اور یہاں آپ کا کام بغیر تاخیر کے مکمل ہوگا۔
