ٹرمپ کی ایران کو نئی دھمکی، صورتحال بگڑی تو پہلے سے کہیں زیادہ شدید حملے کریں گے
افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہیں، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق ایک بار پھر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حالات نے غیر متوقع رخ اختیار کیا تو امریکہ پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور وسیع حملے کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے تک امریکی بحری بیڑے، جنگی طیارے اور فوجی دستے ایران کے گرد و نواح میں موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر حالات قابو سے باہر ہوئے تو امریکہ کی جانب سے ردعمل انتہائی سخت اور ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ شدید ہوگا، جس کی مثال پہلے نہیں ملتی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ اصول پہلے ہی طے کیا جا چکا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے امریکی فوج کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہیں، جبکہ وہ آئندہ کامیابی کے لیے پُراعتماد بھی ہیں۔
