پاکستانی گیمر محمد زبیر نے ’ٹیکن 8‘ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا
محمد زبیر نے ٹیکن 8 کے فائنل میں جنوبی کورین حریف کو 5-0 سے شکست دی
پاکستان کے نوجوان اسپورٹس کھلاڑی محمد زبیر نے پیرس میں ہونے والے اسپورٹس ورلڈ کپ میں ’ٹیکن 8‘ کی چیمپئن شپ اپنے نام کرتے ہوئے عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔
5 سے 8 اگست تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے گرینڈ فائنل میں محمد زبیر کا مقابلہ جنوبی کوریا کے معروف کھلاڑی لو ہائی سے ہوا جہاں پاکستانی کھلاڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو 5-0 سے شکست دے دی۔
محمد زبیر نے ٹورنامنٹ کے دوران ایک اور پاکستانی اسٹار اور ٹیکن کے معروف کھلاڑی ارسلان ’’ایش‘‘ صدیق کو بھی دو مرتبہ شکست دی تاہم جمعے کو گروپ مرحلے میں کامیابی کے بعد زبیر نے ہفتے کو سیمی فائنل میں ارسلان کو سنسنی خیز مقابلے میں 5-4 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔
ارسلان صدیق کا شمار پاکستان کے نمایاں ترین اسپورٹس کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور وہ عالمی فائٹنگ گیم کمیونٹی میں بھی ایک بڑا نام ہیں تاہم سیمی فائنل میں شکست کے بعد وہ ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرسکے۔
He came out of nowhere and took the crown!@ZubairAbdu31256 is the TEKKEN 8 at EWC 26 champion! 🏆 pic.twitter.com/bqJ3hLdNc3
— EWC Extra (@EWC_Extra) August 8, 2026
گرینڈ فائنل میں فیصلہ کن کامیابی کے بعد محمد زبیر کو ٹیکن 8 کا نیا عالمی چیمپئن قرار دیا گیا جبکہ انہیں 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی دی گئی۔
اسپورٹس ورلڈ کپ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی محمد زبیر کی کامیابی کو سراہتے ہوئے ان کی فتح کو غیر متوقع اور شاندار قرار دیا گیا۔
The TEKKEN 8 at EWC26 champion @ZubairAbdu31256 has sealed his historic run in the Totem! pic.twitter.com/gunQim3RZ2
— EWC Extra (@EWC_Extra) August 8, 2026
واضح رہے کہ ارسلان ’’ایش‘‘ صدیق نے جون میں لاس ویگاس میں منعقدہ ایوو چیمپئن شپ سیریز 2026 جیت کر مسلسل چوتھی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
ٹیکن دنیا کی مقبول ترین فائٹنگ ویڈیو گیمز میں شمار ہوتی ہے۔ اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کے علاوہ کال آف ڈیوٹی: بلیک اوپس 7، کاؤنٹر اسٹرائیک 2، ڈوٹا 2، لیگ آف لیجنڈز، اسٹریٹ فائٹر اور ویلورنٹ سمیت دیگر گیمز کے مقابلے بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔
