پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار کی عالمی سطح پر پزیرائی
امریکا کے سینئر صحافی جم کلینسی نے بھی ایکس پر لکھا کہ خطرناک جنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو راستہ فراہم کرنے پر پاکستانی قیادت کا شکریہ
پاکستان کے خاموش اور مؤثر سفارتی کردار کو عالمی سطح پر سراہا جانے لگا ہے اور اس حوالے سے مختلف ممالک نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کا کردار نمایاں رہا۔
جین میریٹ نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کی خاموش سفارتکاری رنگ لے آئی۔
عراق کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
امریکی تجزیہ کار مائیکل کوگل مین نے ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے برسوں کی بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے پاکستان نے ممکنہ تباہی کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب امریکا کے سینئر صحافی جم کلینسی نے بھی ایکس پر لکھا کہ خطرناک جنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو راستہ فراہم کرنے پر پاکستانی قیادت کا شکریہ۔
امریکی سیاسی تجزیہ کار ٹم ملر نے پاکستان اور ٹرمپ کو معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اصل چیلنج عملدرآمد ہے اسلام آباد کے کردار پر نظر ہے۔
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم بھی پاکستان کی سفارتی کامیابی کے معترف، پاکستانی ہم منصب شہباز شریف کو ایکس پر مبارکباد دے ڈالی۔
انور ابراہیم نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ بندی پر پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف کو دلی مبارکباد ان کی انتھک اور جرات مندانہ سفارت کاری نے جنگ بندی ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ملائیشین وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلا خوف و امتیاز فریقین سے بات کرنے پر پاکستان کی آمادگی مسلم یکجہتی اور عالمی ذمہ داری کی اعلیٰ روایات کی عکاس ہے ملائیشیا ہر ممکن تعاون اور حمایت کے لیے تیار ہے۔