ادویات کی صنعت میں انقلاب کی تیاری، پاکستان اور چین کا بڑا اقتصادی معاہدہ

پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی پاکستان چین فارماسیوٹیکل بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کے درمیان 44 کروڑ ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں شرکت باعث مسرت ہے پاکستانی اور چینی صنعتکاروں کے درمیان 44 کروڑ ڈالر کے معاہدے خوش آئند ہیں۔ انہوں نے چینی اور پاکستانی کاروباری رہنماؤں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ سرمایہ کاری سی پیک فیز ٹو کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرا حالیہ دورہ چین نہایت کامیاب اور خوشگوار رہا چین پاکستان کا نہایت قابل اعتماد اور مخلص دوست ہے چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین آج معاشی اور تزویراتی ترقی کے میدان میں دنیا کی نمایاں طاقت بن چکا ہے یہ عظیم کامیابی صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت اور چینی عوام کی محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کے تحت پاکستان میں 30 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ چین نے عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کی ہمیشہ حمایت کی۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو مدبر، دوراندیش اور متحرک رہنما قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فارماسیوٹیکل صنعت کے فروغ کے حوالے سے یہ پروگرام نہایت اہم ہے خطے میں حالیہ بحران نے نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کو متاثر کیا تاہم پاکستان نے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا خطاب

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس کا انعقاد وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے۔ وزیراعظم کی رہنمائی سے فارماسیوٹیکل صنعت کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک عملی شخصیت اور کام کرکے دکھانے والے رہنما کے طور پر پہچانے جاتے ہیں ان کی قیادت اور رہنمائی میں ہم سب ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بی ٹو بی کانفرنس کے انعقاد میں چین میں پاکستان کے سفیر کا اہم کردار ہے پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کانفرنس میں چینی کمپنیوں کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

چینی سفیر کا اہم اعلان

چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت باعث مسرت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بزنس ٹو بزنس تعاون کا وژن پیش کیا اور بی ٹو بی ماڈل کو عملی تعاون کے لیے نئی راہ کے طور پر متعارف کرایا۔

چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم نے چینی کاروباری اداروں پر خصوصی توجہ دی ہے، مختلف منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے اور 20 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف صحت اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں یہ اقدام عوامی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

جیانگ زیڈونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے اور صحت کے شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ پاکستان کی 29 ادویاتی مصنوعات پہلے ہی چینی منڈی میں داخل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین دونوں ملکوں کے کاروباری اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا اور کاروباری اداروں کو معیاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔ چینی کمپنیاں قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں انجام دیں گی۔

چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے خطے میں امن و استحکام کے لیے چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، چین پاکستان دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔

ہارون اختر کا خطاب

پاکستان، چین فارماسیوٹیکل بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا کہ وزیراعظم ہمیشہ باور کراتے ہیں کہ ہمیں جدت کو اپنانا ہوگا، صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانا اور سائنس و ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی تقدیر ایسے رہنما بدلتے ہیں جو مستقبل کی تشکیل کا حوصلہ رکھتے ہیں خوش قسمتی سے پاکستان کو وزیراعظم شہباز شریف کی صورت میں باصلاحیت قیادت میسر ہے۔

ہارون اختر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عالمی سطح پر مسابقت کے لیے خود کو تیار کرنے کی ترغیب دی ماضی کے طریقوں پر چلتے ہوئے پائیدار خوشحالی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین نے اقتصادی تعاون کے نئے باب کا آغاز کیا جس سے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

Related posts

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھونچال، سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

آئی سی سی کی جانب سے قومی کرکٹر محمد نواز پر 3 ماہ کی پابندی عائد