امریکی اہلکار نے ایران کی جانب سے لڑاکا طیارہ مار گرانے کی تصدیق کر دی
دوسری جانب امریکی سینٹکام کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا
ایک امریکی اہلکار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کی فضائی حدود میں ایک امریکی لڑاکا طیارہ مار گرایا گیا ہے، جس کے بعد لاپتہ عملے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
معروف خبر رساں ادارے کے مطابق ایک نام ظاہر نہ کرنے والے امریکی اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔
واضح رہے کہ 28 فروری سے شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد یہ پہلا تصدیق شدہ واقعہ قرار دیا جا رہا ہے جس میں امریکی طیارہ تباہ ہوا ہے، جبکہ ایران مجموعی طور پر تین طیارے تباہ کرنے کا دعوی کر رہا ہے۔
اہلکار نے طیارے کی نوعیت، مقام یا عملے کی تعداد کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹکام کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا جس سے صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اگر اس واقعے کی مکمل تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ خطے میں جاری کشیدگی کو ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل کر سکتا ہے۔
