پیٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی
توانائی کا بحران تیل بلکہ گیس اور فرنس آئل پر بھی اثر انداز ہوتا ہے، اویس لغاری
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ توانائی کا بحران بجلی کی قیمتوں کے اوپر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔
اویس لغاری نے توانائی بحران کے بارے ایکس پر جاری بیان میں کہا ’’توانائی کا بحران تیل بلکہ گیس اور فرنس آئل پر بھی اثر انداز ہوتا ہے‘‘۔
وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ ان امور کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں کے اوپر بھی اثر پڑسکتا ہے۔ مارکیٹوں کے اوقات میں تبدیلی اور بچت کے دیگر اقدامات پر صوبوں سے مشاورت جاری ہے۔
اویس لغاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو اس بوجھ سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور کرتے رہیں گے۔
وفاقی وزیر برائے توانائی نے مزید کہا کہ اگر ہم سب توانائی بچائیں گے تو ملک پر دباؤ کم ہوگا اور جلد بہتری آئے گی۔
