ٹرمپ نے ایرانی شہر کرج میں زیر تعمیر اہم پل پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی
امریکہ آئندہ ہفتوں میں ایران کو انتہائی سخت نشانہ بنائے گا، امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایران کے شہر کرج میں زیرِ تعمیر پل پر حملے کی ویڈیو شیئر کر دی، جس کے بارے میں مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ٹرمپ نے ویڈیو کے ساتھ سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پل زمین بوس ہو گیا اور ایران کو خبردار کیا کہ وہ فوری معاہدہ کرے، ورنہ کچھ بھی باقی نہیں بچے گا۔
ادھر ایرانی شہر اصفہان کے قریب ایک میزائل بیس پر بھی فضائی حملے کے بعد شدید دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایک ویڈیو میں حملے کے بعد مسلسل دھماکے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ دوسری فوٹیج میں بیس کو کئی منٹ تک جلتے دیکھا گیا۔
ٹرمپ نے بدھ کی رات اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ آئندہ ہفتوں میں ایران کو انتہائی سخت نشانہ بنائے گا، تاہم ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکی مقاصد جلد حاصل کر لیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب وسیع اور تباہ کن ہوگا، جبکہ ایرانی حکام نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کو غیر مؤثر قرار دیا ہے۔
اسی دوران اسرائیل کی جانب سے لبنان میں بھی فضائی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں حالیہ حملوں کے بعد تباہی کی نئی تصاویر سامنے آئی ہیں۔
دریں اثنا یوویٹ کوپر نے برطانیہ میں اہم اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر بات چیت کی، اور ایران کے طرزِ عمل کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
