سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالفطر آج منائی جارہی ہے
اس موقع پر سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں منعقد ہوئے
سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے نماز عید ادا کی۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس موقع پر عالمِ اسلام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور اپنے پیغام میں انہوں نے عالمی امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امت مسلمہ کے لیے امن، سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی۔
دوسری جانب ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین، عراق اور آسٹریلیا میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔
آسٹریلیا میں وزیرِاعظم انتھونی البانیز سڈنی کی ایک مسجد میں گئے، جہاں انہوں نے مسلم کمیونٹی کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شرکت کی اور انہیں مبارکباد دی۔
امریکا اور برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے جبکہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی عید کے اجتماعات کے لیے مساجد اور دیگر مقامات پر خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان، بھارت، بنگلادیش، ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت کئی مشرقی ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث ان ممالک میں عیدالفطر کل 21 مارچ کو منائی جائے گی۔
بھارتی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ بھارت میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا جبکہ بنگلادیشی حکام نے بھی اسی نوعیت کا اعلان کیا ہے۔
