نیٹ فلکس کی مقبول رومانٹک کامیڈی سیریز ’ایملی اِن پیرس‘ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیاگو بورَیلا شوٹنگ کے دوران اچانک انتقال کر گئے، تاہم یہ سانحہ اٹلی کے شہر وینس میں اس وقت پیش آیا جب سیریز کے پانچویں سیزن کی ریکارڈنگ جاری تھی۔
اطالوی میڈیا کے مطابق 47 سالہ بورَیلا ہوٹل ڈینیلی میں شوٹنگ کی تیاری کر رہے تھے کہ وہ اچانک زمین پر گر پڑے، موجود طبی عملے نے فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پروڈکشن کمپنی پیراماؤنٹ ٹیلی ویژن اسٹوڈیوز نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنے پروڈکشن فیملی کے ایک محترم رکن کی اچانک اور المناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں ان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بورَیلا کے انتقال کے بعد سیریز کی شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے، پانچویں سیزن کی شوٹنگ کا آغاز 15 اگست کو ہوا تھا اور اسے 25 اگست تک مکمل کیا جانا تھا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی آخری رسومات کے بعد فلم بندی دوبارہ شروع کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایملی اِن پیرس پہلی بار 2020 میں کورونا وباء کے دوران ریلیز ہوئی تھی اور جلد ہی یہ نیٹ فلکس کی کامیاب سیریز میں شامل ہو گئی، تاہم سیریز کا نیا سیزن رواں سال کے اختتام تک متوقع ہے۔
