پی ایس ایل 11 کا ممکنہ شیڈول فرنچائزز سے شیئر، 44 میچز متوقع
مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور سب سے زیادہ میچوں کی میزبانی کرے گا جہاں 14 مقابلے ہوں گے
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ نے پی ایس ایل 11 کا ممکنہ شیڈول فرنچائزز کے ساتھ شیئر کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ کے اس ایڈیشن میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور سب سے زیادہ میچوں کی میزبانی کرے گا جہاں 14 مقابلے ہوں گے۔
راولپنڈی میں 10، فیصل آباد میں 7، ملتان میں 4، کراچی میں 6 اور پشاور میں 2 میچز کا امکان ہے۔ اس بار پہلی مرتبہ فیصل آباد اور پشاور میں بھی لیگ کے میچز کرانے کی تجویز ہے۔
مزید پڑھیں: ’’میں اب بھی کھیلنا چاہتا ہوں‘‘، پی ایس ایل 11 میں نظرانداز ہونے پر احمد شہزاد جذباتی
ذرائع کے مطابق آئندہ ایک دو روز میں شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ لیگ کا افتتاحی میچ 26 مارچ کو حیدرآباد کنگزمین اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔ 27 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔
لیگ میں مجموعی طور پر سات ڈبل ہیڈرز شیڈول کیے گئے ہیں۔ پہلا کوالیفائر 2 مئی کو راولپنڈی میں جبکہ پہلا ایلیمینیٹر 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا ایلیمینیٹر 5 مئی کو لاہور میں طے ہے۔
ذرائع کے مطابق فائنل میچ امریکا یا انگلینڈ میں کرانے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اگر فائنل پاکستان میں ہوا تو اسے لاہور میں کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فائنل کے حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے۔
