پی آئی اے کی نجکاری، عارف حبیب کنسورشیم میں فوجی فرٹیلائزرز کی شمولیت کی سفارش
بورڈ نے فیس اسٹرکچر میں نظرثانی کی سفارش بھی کی ہے
نجکاری کمیشن بورڈ کے 249 ویں اجلاس میں قومی ایئرلائن کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اجلاس کی صدارت مشیر نجکاری محمد علی نے کی، جس میں پرائیوٹائزیشن کمیشن آف پاکستان نے پی آئی اے کے لیے عارف حبیب کنسورشیم میں فوجی فرٹیلائزرز کی شمولیت کی سفارش کر دی۔
اعلامیے کے مطابق عارف حبیب لمیٹڈ کنسورشیم کی قیادت کر رہا ہے، جبکہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی کی اہلیت اور تمام ریگولیٹری تقاضے پورے ہونے کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
تاہم فوجی فرٹیلائزرز کی شمولیت کی حتمی منظوری کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور وفاقی کابینہ سے مشروط ہوگی۔
نجکاری کمیشن نے عارف حبیب کنسورشیم کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کا کامیاب بولی دہندہ قرار دیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی بورڈ نے فیس اسٹرکچر میں نظرثانی کی سفارش بھی کی ہے، جس کا مقصد ادارے کی مالی خودمختاری کو مضبوط بنانا اور اصلاحاتی عمل کو مزید مؤثر بنانا بتایا گیا ہے۔
اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نجکاری کا عمل شفاف، مسابقتی اور قواعد و ضوابط کے مطابق جاری رکھا جائے گا تاکہ قومی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ پیش رفت قومی ایئرلائن کی بحالی اور مالی استحکام کی جانب اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔
