مشرق وسطیٰ کشیدگی، رونالڈو بھی وطن واپس روانہ ہو گئے
رونالڈو اس سے قبل ریال میڈرڈ کے لیے طویل عرصے تک کھیل چکے ہیں
عالمی فٹبال سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، لیکن اس بار وجہ فٹبال نہیں بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی ہے۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو کا نجی طیارہ سعودی عرب سے رات گئے میڈرڈ روانہ ہوا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوال گردش کرنے لگا کہ کیا رونالڈو نے خطے میں بڑھتے خطرات کے باعث سعودی عرب چھوڑ دیا ہے؟
فلائٹ ٹریکر کے مطابق رونالڈو کا طیارہ تقریباً سات گھنٹے کی پرواز کے بعد میڈرڈ پہنچا، طیارہ رات 8 بجے سعودی عرب سے روانہ ہوا اور مقامی وقت کے مطابق تقریباً 1 بجے میڈرڈ میں لینڈ کیا۔ راستے میں جہاز مصر اور بحیرہ روم کے اوپر سے گزرا۔
یاد رہے کہ رونالڈو اس وقت سعودی کلب النصر سے وابستہ ہیں اور سعودی پرو لیگ میں کھیل رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ آیا رونالڈو نے بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے باعث عارضی طور پر خاندان سمیت یورپ کا رخ کیا ہے، یا یہ محض معمول کا سفر ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان کے ہمراہ ان کی پارٹنر جورجینا روڈریگیز اور بچے بھی موجود ہو سکتے ہیں، تاہم اس کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رونالڈو اس سے قبل ریال میڈرڈ کے لیے طویل عرصے تک کھیل چکے ہیں، جس کی وجہ سے میڈرڈ ان کے لیے دوسرا گھر سمجھا جاتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں مقیم شہریوں کو محتاط رہنے اور ممکنہ انخلا کی ہدایت دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہزاروں برطانوی شہری بھی دبئی سمیت مختلف ممالک سے نکلنے کی کوشش میں ہیں۔
