کم عمری میں شہرت؛ اداکارہ سنبل اقبال نے اہم انکشاف کردیا
کم عمر میں مشہور ہونا میرے لیے ایک حیران کن اور کسی حد تک غیر حقیقی تجربہ تھا
پاکستان کی معروف ٹیلی وژن اداکارہ سنبل اقبال نے کم عمری میں شوبز میں قدم رکھنے اور اچانک مقبولیت حاصل کرنے کے تجربے سے متعلق کھل کر گفتگو کی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سنبل اقبال نے بتایا کہ کم عمر میں مشہور ہونا میرے لیے ایک حیران کن اور کسی حد تک غیر حقیقی تجربہ تھا، ابتدا میں مجھے خود اندازہ نہیں تھا کہ میں کتنی مقبول ہو چکی ہوں اور مداحوں کے جوش و خروش کو محسوس کرنا کیسا ہوتا ہے۔
سنبل اقبال نے بتایا کہ کالج میں داخلے کے وقت طلبہ میرے ڈرامائی کرداروں کے نام سے پکارتے اور ڈائیلاگز دہرا کر سراہتے تھے، جس کے باعث یونیورسٹی کے کوریڈورز سے گزرنا بھی مشکل ہو جاتا تھا۔
اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اپنی تعلیم نجی طور پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ تعلیمی سفر متاثر نہ ہو۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کبھی شوبز کو خیرباد کہنے کا نہیں سوچا۔ اس بات پر اللہ کی شکر گزار ہوں کہ لوگ پہچانتے اور میرے کام کو سراہتے ہیں، میں نے جو بھی کام کیا، اسے ناظرین نے قبول کیا، جو میرے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی پذیرائی مجھے مزید محنت کرنے کی ترغیب دیتی ہے، جس کام میں وقت اور محنت صرف کی ہو، اسے اچانک چھوڑ دینا دانشمندی نہیں۔ انسان کو اپنی لگن اور محنت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔
