خطے میں جنگی صورتحال؛ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی
کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی مارکیٹ کھلتے ساتھ فروخت کا دباؤ بڑھ گیا
امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے پاکستان کی معیشت پر اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
بڑھتی ہوئی غیریقینی صورتحال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر معطل کردی گئی۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی مارکیٹ کھلتے ساتھ فروخت کا دباؤ بڑھ گیا اور سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر شیئرز فروخت کرنا شروع کردیے۔
شدید مندی کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس گر کر ایک لاکھ 52 ہزار 991 پوائنٹس کی سطح تک آگیا۔
نمایاں گراؤٹ کے بعد مارکیٹ میں سرکٹ بریکر لگایا گیا اور ٹریڈنگ کو وقتی طور پر روک دیا گیا تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 68 ہزار 62 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم نئی ہفتے کے آغاز پر عالمی سیاسی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔
ماہرین کے مطابق خطے میں جنگی صورتحال برقرار رہی تو مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔
