شادی کے بعد لوگ بدل جاتے ہیں، گوہر رشید کا کبریٰ خان سے متعلق دلچسپ بیان
ہم روز ایک دوسرے کے بارے میں نئی باتیں جاننے کی کوشش کرتے ہیں
پاکستان کے معروف اداکار گوہر رشید نے اپنی شادی اور ازدواجی زندگی کے حوالے سے کہا ہے کہ شادی کے بعد انسان کی زندگی میں قدرتی طور پر تبدیلیاں آسکتی ہیں، شادی سے قبل اور بعد کی زندگی میں رویوں اور عادات میں فرق محسوس ہونا عام بات ہے۔
ایک حالیہ پروگرام میں اداکار نے اپنی اہلیہ کبریٰ خان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی ایک دوسرے کے قریبی دوست تھے اور ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے تھے، تاہم شادی کے بعد نئی ذمہ داریاں اور تجربات زندگی کا حصہ بن جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اور کبریٰ روز ایک دوسرے کے بارے میں نئی باتیں جاننے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی ازدواجی زندگی کی خوبصورتی ہے۔
کبریٰ خان نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی دنوں میں ان کے درمیان بعض معاملات پر بحث ہوتی تھی، گوہر اکثر کہتے تھے کہ میں بدل گئی ہوں اور خود کو زیادہ روایتی بیوی کے انداز میں ڈھال لیا ہے، جس پر میں انکو جواب دیتی تھی کہ میں آپ کی بیوی ہوں، اس لیے ایسا ہونا فطری ہے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ میں نے پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ میرا نکاح مقدس شہر مکہ میں ہوگا اور ان کے شوہر بھی اسی خواہش کے حامی تھے، جس کے بعد ہماری شادی اسی خواہش کے مطابق انجام پائی، جسے دوستوں اور قریبی افراد نے مزید یادگار بنا دیا۔
