ایران یورینیم افزودگی کے قریب پہنچ گیا ہے جو نہایت خطرناک ہے، اسٹیو وٹکوف
ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کے اپوزیشن رہنما رضا پہلوی سے بھی ملاقات کی تھی
امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نے ایک امریکی ٹی وی انٹرویو میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر صنعتی درجے کے ایٹمی مواد تک پہنچنے سے صرف ایک ہفتے کی دوری پر ہے۔
وٹکوف کا کہنا تھا کہ ایران 60 فیصد سے زائد یورینیم افزودگی کی سطح تک پہنچ چکا ہے، جو ان کے بقول سول نیوکلیئر پروگرام کی ضروریات سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ صورت حال نہایت خطرناک ہے اور امریکا ایران کو کسی صورت ایٹم بم بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ واضح کر چکے تھے کہ یورینیم افزودگی امریکا کے لیے ریڈ لائن ہے۔ وٹکوف کے مطابق ٹرمپ اس بات پر حیران اور متجسس ہیں کہ شدید اقتصادی اور فوجی دباؤ کے باوجود ایران نے اب تک ہتھیار کیوں نہیں ڈالے اور اپنے مؤقف میں لچک کیوں نہیں دکھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ایران کے رویے کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ جاننا چاہتے ہیں کہ بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود تہران اپنی پالیسی میں تبدیلی کیوں نہیں لا رہا۔
اسٹیو وٹکوف نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کے اپوزیشن رہنما رضا پہلوی سے بھی ملاقات کی تھی۔
امریکی نمائندہ خصوصی کے اس بیان کے بعد ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی سطح پر خدشات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
