غزہ امن بورڈ اجلاس؛ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف کردی
وزیر اعظم شہباز شریف کو بہت پسند کرتا ہوں جب کہ فیلڈ مارشل بہت اعلیٰ سپہ سالار اور بڑے فائٹر ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر کی زیر صدارت غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کردی ہے۔
واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت پیس بورڈ کا پہلا اہم اجلاس جاری ہے جس میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف بھی شریک ہیں۔
اجلاس کا انعقاد ٹرمپ انسٹیٹیوٹ آف پیس میں کیا جارہا ہے، جہاں عالمی رہنماؤں نے اجلاس سے قبل صدر ٹرمپ کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں انہیں بہت پسند کرتا ہوں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اعلیٰ سپہ سالار ہیں، فیلڈ مارشل بہت بڑے فائٹر ہیں۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں ایک مرتبہ پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ بہت شدت اختیار کررہی تھی لیکن ہم نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اس جنگ کو رکوایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بتایا کہ اگر جنگ نہ روکی تو بھاری ٹیرف لگائیں گے جب کہ جنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے قریبی تعلقات قائم ہوئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران گیارہ طیارے گرائے گئے۔
خیال رہے کہ اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے جمع ہونے والی امدادی رقم اور بین الاقوامی استحکام فورس کے قیام سے متعلق اہم اعلان متوقع ہے۔
یہ اجلاس عالمی امن، علاقائی استحکام اور جنگ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے جس میں پاکستان کی شرکت کو سفارتی سطح پر مثبت قدم سمجھا جارہا ہے۔
