دنیا بھر میں رمضان کا آغاز لیکن دو ممالک میں اب تک رمضان کا آغاز نہیں ہوا
مقامی رویت کے فرق کی وجہ سے رمضان المبارک کا آغاز مختلف دنوں میں ہوتا ہے۔
دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 18 اور 19 فروری سے ہوچکا ہے تاہم دو ممالک ایسے ہیں جہاں مقامی سطح پر چاند نظر نہ آنے کے باعث یکم رمضان 20 فروری کو ہوگا۔
18 فروری کو چاند نظر نہ آنے پر نیوزی لینڈ اور فجی نے اعلان کیا کہ شعبان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے۔ اس طرح دونوں ممالک میں جمعہ 20 فروری کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کی اسلامی تنظیموں کی فیڈریشن اور فجی مسلم لیگ نے اپنے بیانات میں کہا کہ فلکیاتی اندازوں کے مطابق جغرافیائی وجوہات کی بنا پر ان کے خطے میں چاند نظر آنے کے امکانات کم تھے، چاہے وہ آنکھ سے دیکھا جاتا یا آلات کی مدد سے۔
چونکہ ان ممالک میں رمضان کے آغاز کا فیصلہ مقامی رویت ہلال کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اس لیے اعلان بھی اسی اصول کے تحت کیا گیا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت، بحرین، قطر، افغانستان، لبنان، فلسطین اور سوڈان میں رمضان المبارک کا آغاز 18 فروری سے کیا گیا جب کہ عمان، برونائی، بھارت، پاکستان اور مصر میں پہلا روزہ 19 فروری کو رکھا گیا۔
یوں مختلف ممالک میں مقامی رویت کے فرق کی وجہ سے رمضان المبارک کا آغاز مختلف دنوں میں ہوا جو ہر سال دیکھنے میں آتا ہے۔
