سونے نے خزانہ چمکا دیا، پاکستان کے ذخائر میں نمایاں اضافہ
جون 2025 میں ان ذخائر کی مالیت 6.84 ارب ڈالر تھی
پاکستان کے مالیاتی منظرنامے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سونے کے ذخائر کی مالیت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مرکزی اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک کے گولڈ ریزروز کی مجموعی مالیت بڑھ کر 10.374 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو حالیہ مہینوں میں ایک بڑی چھلانگ تصور کی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے پاس اس وقت تقریباً 64.76 ٹن سونا موجود ہے۔ وزن کے اعتبار سے یہ لگ بھگ 20 لاکھ 82 ہزار اونس اور 55 لاکھ 52 ہزار تولے بنتا ہے۔
صرف جنوری 2026 کے دوران سونے کے ذخائر کی مالیت میں 1.279 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں میں مجموعی طور پر 3.5 ارب ڈالر کی بہتری سامنے آئی ہے۔
یاد رہے کہ جون 2025 میں ان ذخائر کی مالیت 6.84 ارب ڈالر تھی۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے نے ملکی ذخائر کی قدر کو مزید مضبوط کیا ہے، جس کے اثرات زرمبادلہ کی مجموعی پوزیشن پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
