سولر صارفین کے لیے بڑی خبر: نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ
نیپرا نے گزشتہ ہفتے پاکستان میں نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اسلام آباد: نیپرا نے سولر صارفین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے نیپرا نے سولر پالیسی میں ترمیمی مسودے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق نیپرا نے ترمیمی مسودے پر عوام اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے 30 روز کے اندر آراء طلب کرلی ہیں جب کہ ان ترامیم کا اطلاق 9 فروری 2026 سے کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نیپرا نے گزشتہ ہفتے پاکستان میں نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت ملک میں نیٹ میٹرنگ کی جگہ نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے نیپرا نے سولر صارفین ریگولیشنز 2026 بھی جاری کیے تھے۔
ریگولیشنز کے تحت نئے سولر صارفین سے اضافی بجلی 11 روپے فی یونٹ میں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جب کہ نئے سولر صارفین کے ساتھ معاہدوں کی مدت 7 سال سے کم کرکے 5 سال کردی گئی تھی۔
مزید برآں ریگولیشنز کے تحت شمسی صارفین کو حاصل یونٹ کے بدلے یونٹ کی ایڈجسٹمنٹ کی سہولت بھی ختم کردی گئی تھی جسے ایک اہم سہولت قرار دیا جارہا تھا۔
سولر صارفین سے متعلق ان فیصلوں پر وزیراعظم شہباز شریف نے نیپرا ریگولیشنز کا نوٹس لیا تھا۔ وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو نیپرا میں نظرثانی کی درخواست جمع کرانے کی ہدایت دی تھی اور موجودہ سولر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کی واضح ہدایت جاری کی تھی۔
نیپرا کے حالیہ فیصلے کے بعد موجودہ سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی بدستور برقرار رہے گی جب کہ نئی پالیسی اور ترامیم پر حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
