اسٹیٹ بینک کا بینکاری نظام کے تحفظ کے لیے بڑا اقدام
وژن 2028 کے تحت سائبر پائیداری کا جامع فریم ورک جاری کیا گیا ہے، اسٹیٹ بینک
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکاری نظام کے تحفظ کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ’’سائبر شیلڈ‘‘ حکمتِ عملی متعارف کرادی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق وژن 2028 کے تحت سائبر پائیداری کا جامع فریم ورک جاری کیا گیا ہے جس کے ذریعے بینکوں اور مالی اداروں کو سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے واضح روڈ میپ فراہم کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے حکمتِ عملی میں سائبر حملوں کی روک تھام، فوری ردعمل اور مؤثر بحالی کے نظام پر خصوصی زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں مالیاتی نظام کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
اسٹیٹ بینک نے مالی شعبے میں سائبر سکیورٹی گورننس اور احتساب کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ساتھ ہی بینکنگ سیکٹر میں باہمی تعاون اور معلومات کے مؤثر تبادلے کی حوصلہ افزائی کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ مہارت یافتہ سائبر ٹیلنٹ کی تیاری اور جدید سیکیورٹی طریقہ کار اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ وہ عالمی اور ملکی سائبر خطرات پر کڑی نظر رکھے گا تاکہ بینکاری نظام کو ہر قسم کے ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ بنایا جاسکے۔
