گرین لینڈ پر امریکی حملے کی تیاری؟ ٹرمپ کے خفیہ منصوبے نے عالمی ہلچل مچادی
ٹرمپ نے گرین لینڈ پر امریکی حملے کی تیاری کا حکم دے دیا
برطانوی میڈیا نے ایک چونکا دینے والا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کے انتہائی خفیہ اور ایلیٹ یونٹ، جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ کو گرین لینڈ میں ممکنہ فوجی کارروائی اور قبضے سے متعلق منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ میں باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے سخت گیر حلقے، جن کی قیادت اسٹیفن ملر کر رہے ہیں، حالیہ خفیہ فوجی کارروائیوں کی کامیابی کے بعد مزید جارحانہ اقدامات کے خواہاں ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان حلقوں کا خیال ہے کہ آرکٹک خطے میں واقع اس اسٹریٹجک جزیرے پر امریکی اثر و رسوخ قائم کرنا واشنگٹن کے مفادات کے لیے اہم ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ریاستی نظام کے اندر ہی اس مبینہ منصوبے پر شدید اختلافات سامنے آگئے ہیں۔ امریکی فوج کے اعلیٰ جنرلز اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اس اقدام کو غیر قانونی، ناقابلِ عمل اور سنگین نتائج کا حامل قرار دیتے ہوئے سخت اعتراضات اٹھائے ہیں۔
عسکری قیادت کا مؤقف ہے کہ نہ کانگریس اس قسم کی کارروائی کی اجازت دے گی اور نہ ہی نیٹو اتحاد اس کے ممکنہ سیاسی اور عسکری اثرات کو قبول کرے گا، جس سے عالمی سطح پر شدید کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس مبینہ منصوبے کے پیچھے تین اہم مقاصد بتائے جا رہے ہیں، جن میں امریکا میں جاری معاشی دباؤ سے عوامی توجہ ہٹانا، مڈٹرم انتخابات سے قبل سیاسی کامیابی کا تاثر دینا اور آرکٹک خطے میں روس اور چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو روکنا شامل ہیں۔
