مریم نواز سے متعلق پوسٹ پر تنازع، نسیم شاہ کا ردعمل سامنے آگیا
فاسٹ باؤلر نے مریم نواز سے متعلق ایک متنازع پوسٹ پر وضاحت پیش کردی
پاکستان کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک متنازع پوسٹ پر وضاحت پیش کردی ہے۔
یہ واقعہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ کے دوران پیش آیا، جہاں مریم نواز مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک تھیں۔
تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے مریم نواز کا استقبال کیا اور انہیں ٹورنامنٹ میں شریک فرنچائز مالکان سے متعارف کرایا، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ کھلاڑیوں سے بھی ان کا تعارف کروایا گیا۔
بعد ازاں نسیم شاہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
یہ پوسٹ دراصل نجی چینل کی ایک میڈیا پوسٹ کا ری ٹوئٹ تھا، جس میں محسن نقوی کو مریم نواز کو مبارکباد دیتے ہوئے دکھایا گیا تھا، اس پر کیے گئے تبصرے نے شائقین اور کرکٹ حلقوں میں بحث چھیڑ دی۔
تاہم تنازع کے بعد نسیم شاہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پوسٹ جان بوجھ کر نہیں کی گئی، میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا، تاہم اب اسے کامیابی کے ساتھ بحال کرلیا گیا ہے۔
This account of Naseem was recently hacked but now recovered successfully
— Naseem Shah (@iNaseemShah) March 26, 2026
