اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا طوفان؛ ہفتہ وار رپورٹ سامنے آگئی
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ہفتہ وار بنیادوں پر شاندار تیزی دیکھنے میں آئی
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار بنیادوں پر شاندار تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ نے نئی تاریخی بلندیوں کو چھو لیا۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ہفتہ رفتہ کے دوران 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 5 ہزار 375 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 79 ہزار 034 پوائنٹس سے بڑھ کر 1 لاکھ 84 ہزار 409 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پورے کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر پانچ اہم نفسیاتی حدیں بحال ہوئیں، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتے کے پانچ کاروباری دنوں میں سے تین دن تیزی جبکہ دو دن مندی رہی۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران 100 انڈیکس نے 1 لاکھ 87 ہزار 15 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھوا جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 79 ہزار 535 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث پانچ روزہ کاروبار کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 555 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 20 ہزار 768 ارب روپے تک جا پہنچی۔
ماہرین کے مطابق انسٹی ٹیوشنز سرمایہ کاری اورپالیسی ریٹ میں ممکنہ کمی کی امید نے تیزی کو فروغ دیا، ہفتہ رفتہ کے دوران بینکنگ، توانائی، سیمنٹ، فرٹیلائزر سمیت اہم شعبوں نے مضبوط پرفارمنس دکھائی، روزانہ ٹرن اوور تقریباً 85ارب روپے تک پہنچا جو دو دہائی کا اونچا لیول تھا۔