پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ ترقی؛ سرمایہ کاری کے نئے در کھل گئے
اسٹاک ایکسچینج میں دو دہائیوں کی تاریخ ساز ترقی نے سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیے
پاکستان کی مستحکم معاشی بنیادیں اور معاشی پیش رفت قومی خوشحالی اور سرمایہ کاری کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی دو دہائیوں کی تاریخ ساز کارکردگی، کے ایس ای 100 انڈیکس میں ڈالر کی بنیاد پر 161 فیصد اور روپے میں 190 فیصد شاندار اضافہ ہوا، اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والے مارکیٹس میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔
ایس آئی ایف سی کی بصیرت اور مربوط سہولت کاری نے پاکستان کی معیشت اور سرمایہ کاری مارکیٹ کو مستحکم اور عالمی سطح پر ممتاز بنایا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور گزشتہ 18 ماہ میں 135,000 نئے سرمایہ کار شامل ہوئے جبکہ گزشتہ 9 ماہ میں پی ایس ایکس کمپنیوں کی مالیاتی اعداد و شمار مستحکم رہے اور منافع میں تقریباً 14 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
2026 میں 16 سے زائد نئی لسٹنگز متوقع ہیں، سرمایہ کاری میں شمولیت، لیکویڈیٹی اور مارکیٹ وسعت کے ساتھ پی ایس ایکس مزید بہتری کی جانب گامزن ہوگی، اسٹاک مارکیٹ کی بلندی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہتر ماحول پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان کا میکرو اکنامک ماحول سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور قابلِ اعتماد مرکز بن چکا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاروں، صارفین اور کاروباری طبقے کا اعتماد بحال ہوا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیز اور مالی شراکت داروں کی جانب سے مثبت آؤٹ لک کا اعتراف کیا گیا، ایس آئی ایف سی کت توسط سے جو ممالک اور کاروباری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں اُن کے لیے سرمایہ کاری کا عمل سادہ اور مربوط ہو گا۔
ایس آئی ایف سی کی ہمہ جہت حکمتِ عملی نے پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہب اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مرکز بنا دیا ہے۔
