پاکستان کا تجارتی توازن بگڑگیا، خسارہ 19 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا

پاکستان کا تجارتی توازن بگڑگیا، خسارہ 19 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا

مالی سال 26 کی پہلی ششماہی میں تجارتی خسارہ بڑھ کر 19 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔

اسلام آباد: پاکستان کے تجارتی توازن میں مزید بگاڑ سامنے آگیا ہے، جہاں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران برآمدات میں نمایاں کمی جب کہ درآمدات میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق مالی سال 26 کی پہلی ششماہی میں تجارتی خسارہ بڑھ کر 19 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 14 ارب 30 کروڑ ڈالر کے خسارے کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں برآمدات میں مجموعی طور پر 8.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث برآمدات کا حجم 15 ارب 18 کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔ اس کے برعکس گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پاکستان کی برآمدات 16 ارب 63 کروڑ ڈالر سے زیادہ تھیں۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ چھ ماہ کے دوران درآمدات میں 11.28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور درآمدات کا مجموعی حجم 34 ارب 38 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں درآمدات 30 ارب 90 کروڑ ڈالر سے زیادہ تھیں۔

ماہ دسمبر کے اعداد و شمار بھی تشویشناک رہے۔ دسمبر 2025 میں پاکستان کا تجارتی خسارہ سالانہ بنیاد پر 24 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ارب 71 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا جب کہ دسمبر 2024 میں یہ خسارہ 2 ارب 99 کروڑ ڈالر تھا۔

دسمبر 2025 میں برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ اسی مہینے درآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ مالی سال کے دسمبر کے مقابلے میں بھی رواں مالی سال دسمبر میں برآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

Related posts

دبئی پولیس نے عید کی تقریبات کے دوران بچوں کی حفاظت پر زور دیا۔

جنگ بندی کے باوجود امریکا نے جنوبی ایران میں فضائی حملہ کردیا، سینٹ کام کی تصدیق

لبیک اللھم لبیک! وقوفِ عرفہ آج ادا ہوگا، حجاج کرام عبادات میں مصروف