پاکستان ڈیجیٹل نیشن بننے کی جانب گامزن؛ آئی ٹی سیکٹر میں ریکارڈ ترقی
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان کے ڈیجیٹل سیکٹر کو فروغ مل رہا ہے۔
پاکستان ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کے ساتھ عالمی معیار کی ڈیجیٹل نیشن بننے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان کے ڈیجیٹل سیکٹر کو فروغ مل رہا ہے اور ملک میں ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری میں بھی خاطر خواہ اضافہ نظر آرہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے 27ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے ڈیجیٹل ایکوسسٹم میں 43 سافٹ ویئر ٹیک پارکس، 400 سے زائد ٹیک کمپنیز اور 85 انکیوبیٹرز شامل ہیں۔
شزہ فاطمہ خواجہ کے مطابق پاکستان میں نئی کمپنیوں (اسٹارٹ اپس) کی تعداد 4,100 سے زائد ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسٹارٹ اپس اور ٹیک کمپنیاں امریکا، برطانیہ، کینیڈا، یو اے ای، سعودی عرب اور دیگر ممالک میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی میں عالمی نمائندگی سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی ترقی اور برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستان نے اسٹارٹ اپس، اے آئی اور ڈیجیٹل اسکلز میں 4.3 ملین افراد کو تربیت دی اور بین الاقوامی شراکت داری حاصل کی جبکہ آئی ٹی سیکٹر میں 700 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔
تاہم، معروف عالمی کمپنی گوگل کی پاکستان میں موجودگی ملک کی ڈیجیٹل ترقی کی طرف اہم سنگ میل ہے، ایس آئی ایف سی پاکستان میں عالمی سطح پر جدید، محفوظ اور مسابقتی ڈیجیٹل نیشن کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔