جنوبی افریقا کی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز چائے کے وقفے کے بعد دوبارہ بیٹنگ کا اغاز کردیا ہے اور اب تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بناچکی ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد جنوبی افریقا کی بیٹنگ جاری ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں چائے کے وقفے تک 34 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے تھے، تاہم چائے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقہ کی ایک اور وکٹ گرچکی ہے۔
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم 45 کے مجموعی اسکور پر 20 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد 80 کے مجموعی اسکور پر ویان ملڈر بھی نعمان علی کی گیند پر 17 رنز بنا کر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
ویان ملڈر کے بعد ریان لیکلیٹن نے بیٹنگ لائن کو کچھ سہارا دیا لیکن 71 رنز بنانے کے بعد وہ کپتان سلمان علی آغا کا نشانہ بنے اور بابر اعظم کو کیچ دے کر پویلین روانہ ہوگئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ؟ٹرسٹان اسٹبز 2 اور ٹونی ڈی زورزی 61 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کی اننگز
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
محمد رضوان 362 کے مجموعے پر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسی اوور میں نعمان علی اور ساجد خان بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، تینوں کھلاڑیوں کو سینوران متھوسامے نے آؤٹ کیا۔
سلمان علی آغا نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے متھوسامے نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پرینیلان سبراین نے دو وکٹیں حاصل کی۔ کگیسو ربادا اور سائمن ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
