کراچی، شاہراہِ فیصل ناتھا خان پل پر ایک اور شگاف، ٹریفک کی روانی متاثر

شہر کی مرکزی شاہراہ فیصل پر واقع ناتھا خان پل ایک بار پھر شگاف کا شکار ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاکھوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں روزانہ اس پل سے گزرتی ہیں، مگر آئے روز کسی نہ کسی مقام پر شگاف پڑنا معمول بن چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ناتھا خان پل کی مرمت کا کام بار بار ایک ہی کمپنی کو دیا جا رہا ہے، جبکہ پل کے پلروں میں مختلف مقامات پر دراڑیں بھی دیکھی گئی ہیں، جس سے اس وی وی آئی پی روٹ کی حالت زار واضح ہوتی ہے۔

شہریوں نے مئیر کراچی سے اپیل کی ہے کہ دوستیوں کو چھوڑ کر کراچی کے مفاد میں فیصلے کریں اور انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے پل کا معائنہ کروا کر کسی اچھی اہل تعمیراتی کمپنی کو ٹھیکہ دیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پل کی خستہ حالی کی وجہ سے منٹوں کا سفر اب گھنٹوں میں طے ہوتا ہے اور آئے دن نئے شگاف کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں، مگر افسوس کہ کوئی پوچھنے والا نہیں۔

شہری حلقے سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا ناتھا خان پل پر مسلسل خرابی ناقص میٹریل اور کرپشن کا نتیجہ ہے؟ اور کیا کے ایم سی محض ٹھیکوں کی تقسیم تک محدود ہوچکی ہے؟ یہ سب سوالات اب جواب مانگتے ہیں۔

Related posts

حکومت نے آج پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی میں کم ہوکر 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گیا

پی ایس ایل 12 کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا