خضدار؛ فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فتنہ الہندوستان کے خلاف بڑا آپریشن کیا جس کے نتیجے میں اب تک 7 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زہری کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور موجودگی کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ دہشت گرد مقامی شہریوں کو ہراساں کرنے اور تخریبی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں بڑی تعداد میں گراؤنڈ فورسز اور ہیلی کاپٹرز شریک ہیں جب کہ آپریشن کے نتیجے میں اب تک 7 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈیز، ٹرانسمیٹرز، امریکی ساختہ خودکار ہتھیار، دستی بم، گولیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بدوکشت کے مرکزی پل پر نصب بڑی آئی ای ڈی کو بھی ناکارہ بنا دیا جس سے علاقے میں کسی بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز زہری اور بلوچستان میں بھارت کی ایماء پر تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Related posts

حکومت نے آج پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی میں کم ہوکر 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گیا

پی ایس ایل 12 کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا